کفالت یتیم کے ذریعے نبی کریم ﷺ کی شفاعت اور جنت میں پڑوسی بننے کا اعزازحاصل جاسکتا ہے؛ عبدالجبار بٹ

5

میرپورخاص، 19  مارچ (اے پی پی ): ڈائیریکٹر نیشنل آرفن کیئر پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ریٹائرڈ برگیڈیئر عبدالجبار بٹ  نے کہا ہے کہ  کفالت یتیم کے ذریعے  نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت اور جنت میں پڑوسی بننے  کا اعزازحاصل جاسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈائیریکٹر نیشنل آرفن کیئر پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ریٹائرڈ برگیڈیئر عبدالجبار بٹ نے  جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے زیر کفالت دو سو اکسٹھ  بچوں کیلئے حورین بینکوئیٹ میں منعقدہ سالانہ ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

بدالجبار بٹ  نے کہا کہ روز جزا کو جھٹلانے والے لوگ یتیموں کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں ،یتیم کے سر پر دست شفقت رکھنا اور ان کی خبر گیری کرنا اللہ تعالیٰ اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو انتہائی پسند ہے ،الخدمت فاؤنڈیشن پورے پاکستان میں والد کے سائے سے محروم  بیس  ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ادا کررہی ہے ،پاکستان میں اس وقت تقریباً بیالیس  لاکھ بچے والد کے سائے سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا عزم ہے کہ آئندہ چند سالوں میں اہل خیر کے تعاون سے کم از کم پاکستان کے ٹوٹل یتیم بچوں میں سے نصف بچوں کی کفالت انتظام کریں،ملک بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اٹھارہ آغوش سینٹروں میں ہزاروں یتیم بچے تعلیم ،رہائش ،کھانا،صحت کی مکمل سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں ۔

سالانہ ڈونر کانفرنس سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ میر نعیم تالپور ، ڈائیریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ حزب اللہ میمن ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جنید مرزا ، امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص حافظ سلمان خالد ، معروف صنعت کار  جابر مجید ، تاجر راہنماء حاجی فقیر محمد میمن ، معروف آئی اسپشلسٹ ڈاکٹرفاروق ابراہیم میمن ،صدر الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص نادر خان نے بھی خطاب کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ میر نعیم تالپور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں بلا امتیاز خدمات قابل تحسین ہیں ،میں خود اس بات کا شاہد ہوں کہ دور دراز دیہاتوں چھوٹے شہروں تک جہاں سرکاری و غیر سرکاری رفاحی ادارے  نہیں پہنچ پاتے وہاں تک الخدمت کے رضا کار فوری اور منظم طریقے سے انسانیت کی ریلیف کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں ۔

حزب اللہ میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا وجود انسانیت کیلئے نعمت سے کم نہیں ،تمام شعبوں میں انسانیت کی خدمت کا شاید یہ واحد ادارہ ہے میں الخدمت کے رضاکاروں اور ان کی ٹیم کو ان کی شاندار خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں ۔امیر ضلع حافظ سلمان خالد نے کہا کہ جماعت اسلامی کاانسانیت کی  فلاحی خدمات کا ادارہ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ  سرکاری وسائل و اختیارات نہ ہونے کے باوجود پاکستان میں سب سے بڑا اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر بڑا نیٹ ورک رکھتی ہے  ،ملک کو موجودہ بدترین بحران سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی پوری صلاحیت اور ٹیم ورک رکھتی ہے ،پاکستان کی عوام مالی اعتبار سے جماعت اسلامی اور اسکے اداروں پر بھروسہ رکھتی ہے اسی طرح ملک کی باگ ڈور بھی جماعت اسلامی کی قابل ترین اور دیانتدار قیادت کے سپرد کرے انشاء اللہ پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل سکتا ہے ۔

چیریٹی ڈنر میں میں موجود عمائدین شہر اور مخیر حضرات نے  یتیم بچوں کی کفالت کے لیے 99.37.000 روپے کے خطیر  عطیات دینے کا اعلان کیا ۔اس موقع پر معزز مہمانان میں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور پروگرام کی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

چیریٹی ڈنر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے خصوصی شرکت کی چیریٹی ڈنر میں  خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود

 تھی ۔