احمدپورشرقیہ :پنجاب پو لیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایسپائر گروپ آف سکولز و کالجز کےساتھ معاہدہ

4

احمدپورشرقیہ ،16 مارچ (اے پی پی) :پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ریجن بہاولپور میں بھی پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ریجن بہاولپور پولیس اور ایسپائر گروپ آف سکولز و کالجز کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا۔تفصیل کیمطابق اس معاہدہ کے تحت ایسپائر گروپ کے زیر انتظام چلنے والے سکولز اور کالجز میں پولیس شہداء کے بچوں کو بالکل فری تعلیم، ایڈمیشن اور یونیفارم فراہم کی جائے گی جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ٹیوشن فیس اور یونیفارم کی خریداری پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔اس سلسلہ میں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رائے بابر سعید کی زیر صدارت آرپی او آفس بہاولپور میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی پولیس سربراہان میں ڈی پی او بہاولپورسید محمد عباس نے آر پی او آفس سے جبکہ ڈی پی او بہاولنگر سید علی رضا اور ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔میٹنگ میں ایسپائر گروپ آف کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر  سید عمیر علی شاہ،ریجنل ڈائریکٹر وسیم قمر عدیل،پرنسپل ملتان ریجن،لیاقت علی اور دیگر ریجنز کے پرنسپلز بھی شامل تھے۔آرپی او رائے بابر سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین سکولز اور کالجز میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائیں گی۔ٹرانسفر پوسٹنگ کی وجہ سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں کافی متاثر ہوتی ہیں ایسپائر گروپ آف کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے پنجاب کے کسی بھی ضلع میں بغیر کسی پریشانی کے ایک ہی رولز کے تحت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر سید عمیر علی شاہ نے کہا کہ ایسپائر گروپ آف کالج اپنے تعلیمی اداروں میں پولیس شہداء کی بیٹیوں جنہوں نے ایم فل، بی ایڈ یا دیگر جدید ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں کو خصوصی کوٹے پر جاب بھی آفر کرے گا۔ پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو پولیس ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں ایسپائر گروپ کی جانب سے ایک کنٹری بیوشن ہے جس کے تحت شہدائے پولیس کے ساتھ ساتھ علیل پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو ایسپائر سکولز اور کالجز میں داخلے دئیے جائیں گے۔