صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات شروع کردیے گئے ہیں؛ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر

1

ملتان،17 مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات شروع کردیے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کروائے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سی پی او منصورالحق اور ضلعی حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔اجلاس میں انتظامیہ، ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن حکام نے بھی شرکت کی۔

 ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ 18 سو سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ تمام حساس مقامات پر سیکورٹی ریڈ الرٹ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میٹیریل کی ترسیل کیلئے موثر ٹرانسپورٹ پلان تشکیل دیا گیا ہے جبکہ ریٹرننگ افسران پولنگ سٹیشن کے وزٹ کرکے انتظامات فول پروف بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرینگے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ووٹرز اور امیدواروں کو سہولیات فراہمی ترجیح ہے۔

سی پی او منصورالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔پرامن الیکشن کیلئے پولیس اور سیکورٹی ادارے اپنی ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ پولنگ سٹاف ،ووٹرز اور میٹریل کی سکیورٹی کیلئے بھی جامع پلان تیار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ریٹرننگ افسران نے الیکشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔