ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے اشتراک سے آگہی ریلی کا انعقاد

19

اوکاڑہ،15مارچ(اے پی پی ):ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ اوکاڑہ زون نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے اشتراک سے وینس چوک سے اوکاڑہ پریس کلب تک ایک آگہی ریلی کا انعقاد کیا جس کی قیادت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد اورکمشنر ان لینڈ ریونییو علی عدنان خان نے کی۔

 ریلی میں مقامی کاروباری طبقات  اور وکلاء کی ایک بڑی تعداد اور انجمن تاجران کے عہدے داران نے بھرپور شرکت کی۔  ریلی کا مقصد کاروباری طبقات کو ٹیکس کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے ترغیب دینا تھا۔

 اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ساجد رشید نے ٹیکس کی ادائیگی کے طریقہ کار کےمتعلق تربیت فراہم کرنے کےلیے یونیورسٹی کی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اس مقصد کےلیے آگہی سیشز اور سیمینارز کا اہتمام کرے گی۔ انہوں نے کاروباری طبقات کو ان سیشنز میں شمولیت کی دعوت دی۔

وائس چانسلر کامزید کہنا تھا کہ پاکستان میں وسائل اور استعداد کی کمی نہیں تاہم ملک کی خوشحالی کےلیے  ہر فرد کو اپنے حصے کا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ  سے دوچار نہیں ہو گا کیونکہ یہاں کے لوگ محنتی  ہیں اور مشکل حالات سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

 کمشنر نے ریلی میں شرکت اور اس کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر اور انجمن تاجران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ڈیپارٹمنٹ ٹیکس کی کولیکشن کے دائرہ کارہ کو وسیع کرے گا۔