جلالپورپیروالا؛ گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں جشن بہاراں کا انعقاد،شجرکاری کی گئی

34

جلال پورپیروالہ،04 مارچ(اے پی پی): گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ جلال پور میں جشن بہاراں کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر طلباء کی جانب سے مزاح سے بھرپور خاکے ،مختلف کھیل اور شاعری کی گئی جبکہ پرنسپل ملک عامر مصطفیٰ، اساتذہ اور طلباء نے احاطہ انسٹیٹیوٹ میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

پرنسپل انسٹیٹیوٹ ملک عامر مصطفیٰ نے کہا کہ طلباء کے لئے ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیں، جشن بہاراں کا اصل حُسن شجر کاری ہے، ڈائریکٹر ٹیوٹا ملتان عائشہ رحمٰن گل اور اپنے ادارے کی ہدایت پر گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ جلال پور میں جشن بہاراں منعقد کی ہے، اس موقع پر ہم نے مختلف اقسام کے پھل دار اور پھول دار پودے لگائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے شجر کاری وقت کا اہم تقاضا ہے، عام شہری بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس موقع پر اساتذہ، طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔