جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی تعمیروترقی میں انقلابی کردار ادا کر رہا ہے ؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری

10

ملتان، 07 مارچ (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی تعمیروترقی میں انقلابی کردار ادا کر رہا ہے اور مانیٹرنگ کے عمل سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں تیزی آئی ہے۔

 منگل کو یہاں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئے مِڈ کیرئیر منیجمنٹ کورس کے افسران  سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سالانہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کو فراہم کئے جانیوالے ترقیاتی فنڈز دوسرے اضلاع  ٹرانسفر نہیں کئے جاسکتے اس لئے ترقی کی یہ رفتار برقرار رہی تو آنیوالے چند برسوں میں جنوبی پنجاب کارُخ بدل جائے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے مختلف  شعبوں میں نئے سنگ میل عبور کئے ہیںانہوں نے بتایا کہ گرین بک کا اجراء، ٹرانس جینڈر اورصبح نو سکولوں کا قیام محکمہ سکول ایجوکیشن کے قابل فخر اقدامات ہیں اور سکولوں کے مابین ہاکی لیگ، سکولمپکس کا انعقاد اور سٹوڈنٹس کونسلز کا قیام روشن باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ لائیو سٹاک،زراعت  اور ماہی پروری کے شعبے میں جنوبی پنجاب نئے اہداف کی طرف بڑھ رہا ہے،جنوبی پنجاب ملکی پیداوار کی 94 فیصد کپاس اور 98 فیصد آم پیدا کرتا ہے اور وطن عزیز کی لائیوسٹاک کی پیداوار میں جنوبی پنجاب کا حصہ43فیصد ہے۔انہوں نے بتایا کہ زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے بھر پور کوشش کی جاری ہے۔

ایڈیشنل  چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی فیلڈ میں مانیٹرنگ سے پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے جبکہ خطے میں شرح خواندگی میں اضافہ، غربت کا خاتمہ،لوگوں کا معیارزندگی بلند کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب قدیم تہذیب و ثقافت اور صوفیاء کی دھرتی ہے اور یہاں  سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ملاقات میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جانب سے افسران کو یادگاری شیلڈ دی گئیں جبکہ نشینل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو سونئیر پیش کیا گیا۔

سیکرٹری سروسز تنویر اقبال تبسم اور افسران کے وفد کی سربراہ سمرین زہرا بھی ملاقات میں موجود تھیں۔