کوئٹہ۔10مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ موجود حکومت ضلع گوادر میں تعلیمی نظام، صحت کے بنیادی ڈھانچے، شاہراہوں کے رابطوں، ماہی گیری، پانی اور بجلی کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی پیکیج کے تحت عمل درآمد کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گوادر میں حکومت لوگوں کو صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور لوگوں کو صحت عامہ کی فراہمی ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے جبکہ جی ڈی اے ہسپتال کو باقاعدہ انڈس ہسپتال کے سپرد کردیا گیا ہے ، اب انڈس ہسپتال کراچی کی تمام اعلی و معیاری اور جدید علاج و معالجہ کی سہولیات جی ڈی ہسپتال گوادر میں مفت دستیاب ہیں، علاج معالجہ کا یہ ادارہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد ہسپتال ہے جہاں کراچی کے بہترین ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف جدید طبی آلات کے ساتھ شب و روز خدمت کے لئے دستیاب ہے جبکہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میر عبدالغفور کلمتی گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال کی نئی عمارت پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ اومانی گرنٹ اسپتال پسنی کی عمارت مکمل ہوتے ہی وہاں پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی تعینات ہوگئے ہیں اور باقاعدہ لوگوں کو صحت عامہ کی فراہمی کے لیے او پی ڈی شروع ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکج کے تحت طلبا ء کے لیے کلاس رومز کی تعمیر اور مرمت کے لیے 700 ملین روپے ،پشکان میں بوائز انٹرمیڈیا کالج کی تعمیر کے لیے 10 ملین ،کثیر المقاصد ہالز اور لائبریریوں کی تعمیر کے لیے 140 ملین روپے ،گوادر میں صحت کی سہولتوں کے نظام میں بنیادی صحت کے یونٹس اور علاقائی مراکز صحت کو بہتر بنانے کے لیے 365 ملین ،پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور پانی کی لائنوں، واٹر سپلائی سکیموں اور پانی کی ٹینکیوں کے لیے 380 ملین روپے ، نئے کھیل کے میدانوں کی تعمیر اور ان کی دیکھ بھال کے لیے 75 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں فشریز سیٹ اپ کو اپ گریڈ کرنے کے لیے صوبائی حکومت اورماڑہ اور جیونی میں دو فش ہاربرز بھی تیار کر رہی ہے، شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی مد میں مکران کوسٹل ہائی وے سے گوادر کے متعدد دیہات تک منسلک شاہراہوں کی تعمیر کے لیے 900 ملین روپے ،ایم 8 سے دیہات تک شاہراہوں کو جوڑنے کے لیے 700 ملین ،کوسٹل ہائی وے اور کنڈا سول کے درمیان شاہراہ کے لیے 155 ملین ،ڈگرو ناگور اور آدم بازار کے درمیان سڑک کے لیے 75 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نزیر بلوچ نے ضلع گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالرشید دشتی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو بھی موجود تھے۔











