سندھو دریا کی محبت میں ہم ہر سال دریا کا عالمی دن جوش جذبے،روائتی اور ثقافتی انداز میں مناتے ہیں، خادم حسین کھر

4

مظفرگڑھ 16 مارچ(اے پی پی): دنیا بھر کی طرح تونسہ بیراج پر بھی پاکستان کے سب سے بڑے دریا، دریائے سندھ پر ماہی گیروں کی تنظیم “سندھو بچاو ترلا” نے دریاؤں کا عالمی دن مختلف انداز میں دریا سے اظہار محبت کرکے  منایاگیا۔ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ بینرز  اور گلاب کے پھول اٹھا رکھے تھے   جس میں  لکھا تھا دریاؤں کو صاف رکھو ،دریا میں پھول ڈالو کوڑا کرکٹ نہ ڈالو   ریلی دریا کنارے تک گئی دریا کے ساتھ محبت کا اظہار کےلئے  دریا میں گلاب کے پھول  نچھاور کئے گئے جس سے دریا پھولوں سے رنگین ہو گیا۔

“سندھو بچاؤ ترلا “کے کوآرڈینیٹر خادم حسین کھر نے ریلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھو دریا کی محبت میں ہم ہر سال دریا کا عالمی دن جوش جذبے،روائتی اور ثقافتی انداز میں مناتے ہیں تاکہ دریا کے تحفظ کی آواز اٹھائی جائے۔انہوں نے کہا کہ دریا زندگی ہے دریا نہیں تو زندگیاں شدید متاثر ہونگی دریا کا قدرتی بہاؤ اور اس کو انسان ذات کی طرح قانونی حیثیت سے تسلیم کیا جائے دریائے سندھ کے ساتھ منسلک جنگل، جنگلی و آبی  حیات کا تحفظ اور دریائے سندھ کا قدرت بہاؤ قائم رکھ کر اور دریا پر قبضہ ختم کرکے اور اسے ہر قسم کی آلودگی سے پاک رکھ کر  ہی ملک کا سب سے بڑا دریا ،دریائے سندھ  بچایا جا سکتا ہے۔

سنھو بچاو ترلا کے کارکنوں محمداسماعیل اور بشیراں بی بی نے خطاب کرتے ہوئے کہا دریا کے ساتھ مچھلی اور ماہی گیری سے وابستہ مچھیروں کے بھی حقوقِ تسلیم کیے جائیں،سندھو بچاؤ ترلا تحریک پورے پنجاب میں پہلے نمبر پر دریائے سندھ کے تحفظ کیلے مسلسل جدو جہد کررہی ہے،ہم پوری دنیا کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے دریائے سندھ کی آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

  سندھو بچاؤ ترلا  کے زیر اہتمام پہلے ایک دریا بچاؤ ریلی نکالی گئی جس میں مقامی ماہی گیر کمیونٹی، سول سوسائٹی، سیاسی وسماجی شخصیات اور وکلاء کے ساتھ  بچے خواتین مردوں کی بڑی تعداد نے   شرکت کی  ۔