سیالکوٹ۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر ایچ ای جارج سٹینر نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی)کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے علاوہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا بھی خواہاں ہے۔سوئس سفیر نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی سوئٹزرلینڈ کی بین الاقوامی تجارتی منڈیوں تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہیے۔سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، اقتصادی اشیاء کے تبادلے سے اقتصادی تعلقات کے قیام میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میں ستمبر 2022 میں پاکستان آیا ہوں اور پاکستان کی مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔سوئٹزرلینڈ دنیا کے سب سے زیادہ گلوبلائزڈ ممالک میں سے ایک ہے جس کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ پاکستان کے لیے سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے سیالکوٹ چیمبر آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ سیالکوٹ کی صنعت دنیا بھر میں اپنی ایک پہچان رکھتی ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ کے تاجروں کو کراچی میں موجود سوئس بزنس کونسل کے ساتھ رابطے کا بھی کہا جو دوطرفہ تجارت اور صنعتی نمائش کے قیام کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ مل کر تجارتی حجم میں اضافہ کر سکتے ہیں جس کے لیے وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے معزز مہمان کا استقبال کیا ، سینئر نائب صدر وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ اور مجلس عاملہ کے اراکین بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔ سوئس سفیر نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کے سوالوں کے جوابات بھی دئیےف، سیالکوٹ ویمن چیمبر کی ایگزیکٹو ممبر نادیہ قیصر نے سوئس سفیر سے کہا کہ وہ ویمن چیمبر کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ سے درخواست گزار ہیں کہ سوئٹزرلینڈ میں خواتین کے حوالے سے تکنیکی مہارت کے کورسز اور صنعتی نمائشوں میں ہمیں مدعو کیا جائے جس پر سوئس سفیر نے کہا کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے کی ہر کوشش میں شریک ہونگے۔صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری دنیا بھر میں مصنوعات برآمد کر رہی ہے، گلوز ہوں یا فٹ بال، کرکٹ بیٹ ہوں یا ہاکیاں، مارشل آرٹس ہوں یا پھر آلات جراحی تمام مصنوعات سیالکوٹ میں تیار ہو رہی ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے بھی کثیر زرمبادلہ کما رہی ہےجسکے رول ماڈل کی تقلیدپاکستان کے دوسرے شہروں کو بھی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافے کا خواہاں ہے جس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور عوام سے عوام کے روابط بھی مستحکم ہونگے۔تقریب کے آخر میں صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے معزز مہمان سفیر ایچ ای جارج سٹینر کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔











