شب برات، ماہ رمضان المبارک کے موقع پر سیالکوٹ اتحاد بین المسلمین کا گہوارہ ثابت ہوگا،ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ

60

سیالکوٹ۔6 مارچ(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ شب برات، ماہ رمضان المبارک کے موقع پر سیالکوٹ اتحاد بین المسلمین کا گہوارہ ثابت ہوگا، علماء کرام اپنے خطبات میں شہر میں صفائی کی اہمیت اجاگر کریں اور حکومت پنجاب کی طرف سے “صفائی نصف ایمان” کے عنوان سے جاری مہم کی کامیابی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او سید ذیشان رضا کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، کنوئنیر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، ملک ذاکرحسین، مولانا ایوب خان، سید نجم الحسن گیلانی، ظفر عباس، ایوب، حافظ غلام محی الدین، حافظ نیاز احمد الازہری، مفتی کفایت اللہ شاکر، مولانااحمد مصدق قاسمی،پیر ظہور احمد واصف، پیر غلام حسین سلطانی اور انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ نہایت موثر پلیٹ فارم ہے اور اتحاد بین المسلمین کیلئے اسکے ممبران کا کردار ہر لحاظ سے مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک اور اس سے قبل شب برات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس ممبران کمیٹی کی مشاور ت سے سکیورٹی، صفائی سمیت تمام امور کو حتمی شکل دیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کیطرح ضلع سیالکوٹ میں بھی خصوصی صفائی مہم 19مارچ تک جاری رہے گی، علماء کرام اپنے خطبات میں شہریوں کو اس مہم کے اغراض و مقاصد بارے آگاہ کریں اور اسکی کامیابی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ڈی پی او سید ذیشان رضا نے کہا کہ شب برآت کے موقع پر آتش بازی کی روک تھام کی خرید و فروخت کی روک تھام کیلئے فیلڈ فورس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ پتنگ بازی پرزیروٹالرننس اپنائی جارہی ہے۔ پتنگ بازی سے باز نہ آنے والے افراد کو 30روز تک نظر بند کیا جارہا ہے۔

 ضلعی پولیس ماہ رمضان المبارک میں مساجد، امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے جامع پلان کو حتمی شکل دے رہی ہے، کوشش کی جائے گی کہ محدود وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔ علماء کرام و ممبران کمیٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شب برات نہایت بابرکت اور عبادت کی رات ہے جس میں بندوں کی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضا ن المبارک میں نماز اور تراویح کے اوقات میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بعد ازں خصوصی صفائی مہم کے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی اور پہلے دن کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ فوکل پرسن ای ڈی او فنانس کاشف نواز نے بریفنگ دی۔