مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز 10 مارچ کو فیصل آباد کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی،لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

37

فیصل آباد ۔4مارچ  (اے پی پی):مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدرمریم نواز 10 مارچ کو فیصل آباد کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی جن کے شاندار استقبال و تاریخی ورکرز کنونشن کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے صدر میاں عرفان منان،سابق صوبائی وزیر اقلیتی امور ومسلم لیگ (ن) پنجاب کے اقلیتی ونگ کے صدرخلیل طاہر سندھواور مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما رانا احمد شہر یار نے ہفتہ کے روز داؤدنگر فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ  مریم نواز کی آمد سے قبل فیصل آباد کے مختلف حلقہ جات میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر رانا ثنااللہ کی ہدایت پر ورکرز کنونشن منعقداور انتخابات کی بھرپور تیاریوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے تاکہ لیگی کارکنان کو متحرک اور فعال بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے غیور و جیالے شیر10مارچ کواپنے قائد نواز شریف کی بیٹی اور پاکستان کی مقبول لیڈر  مریم نواز کا تاریخی استقبال کرکے ثابت کردیں گے کہ فیصل آباد لیگی شیروں کا مضبوط قلعہ ہے جہاں سے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں بجلی گیس،پڑول،ڈیزل،آٹا،گھی،چینی اور تمام ضروریات زندگی نہ صرف عام دستیاب بلکہ انتہائی سستی تھیں مگرپی ٹی آئی کی 4 سال کی کارکردگی اور عمران خان کادور پاکستانی قوم کے سامنے ہے جس نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا اور آج ان کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا،ملک کو معاشی مشکلات سے نکالا،لوڈشیڈنگ سے نجات دی لیکن عمران خان نے ملک کو پھر بیس تیس سال پیچھے دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ10مارچ کو حلقہ کے عوام اور تمام اقلیتی برادری الفتح سٹور جڑانوالہ روڈفیصل آباد پر اکٹھی ہوکراپنی قائد کا تاریخی استقبال کرے گی جبکہ باقی علاقوں سے بھی ہزاروں کارکنان کی ریلیاں مرکزی ریلی میں شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد کی بیٹی کا ہر شہر میں تاریخی اور والہانہ استقبال کیا جارہا ہے اور جب سے وہ سیاست میں متحرک ہوئی ہیں انہوں نے پارٹی کے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے۔