جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلہ؛ملتان آرٹس کونسل میں محفل مشاعرہ کا انعقاد

22

ملتان، 18  مارچ (اے پی پی ): جنوبی پنجاب ادبی و ثقافتی میلے  کے سلسلے میں ملتان آرٹس کونسل میں سرائیکی زبان کے نامور بزرگ شاعر عزیز شاہد کی زیر صدارت  ہفتہ کو یہاں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی جہانگیر مخلص تھے۔ مشاعرے  میں اردو اور سرائیکی زبان کے معروف اور مقبول شعرا مخمور قلندری، امان اللہ ارشد،  عامر سہیل، ڈاکٹر شکیل پتافی، نسیم شاہد، نوازش علی ندیم اور حاتم بلوچ نے اپنا کلام پیش کیا۔

محفل مشاعرہ کی نظامت صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب سجاد جہانیہ نے کی۔ سرائیکی اور اردو شاعری پر شرکاء محفل نے شاندار پذیرائی کی اور دل کھول کر داد دی۔ محفل مشاعرہ کے اختتام پر ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب طارق محمود نے شعرا کرام  کو شیلڈز پیش کیں۔

بعد ازاں پہلے روز کی آخری نشست میں قوالی کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف قوال عابد شیر علی اور ہمنواؤں نے صوفیانہ کلام گا کر ماحول پر وجد طاری کر دیا ،اس نشست کی میزبانی عامر شہزاد صدیقی نے کی۔اس موقع پر صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ ثریا ملتانیکر سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔