نوشہرہ ورکاں، 14مارچ ( اے پی پی):نجی کالج میں طلبا و طالبات کی طرف سے قومی ثقافتی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا ۔اس دن کی مناسبت اور آگہی کے لئے طلباء طالبات نے مختلف علاقہ جات کے لوگوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انکے مقامی لباس پہننے کے علاوہ انکے رسم و رواج،رہن سہن کی نمائندگی بھی کی ۔
ثقافت کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف سٹالز بھی لگائے تاکہ نوجوان نسل ثقافت کی اہمیت کو سمجھے اور اپنے آباو اجداد سے رشتہ کو مضبوط کرے ۔
اس موقع پہ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں اظہر طارق وٹو صاحب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نجی کالج انتظامیہ،پروفیسرز اور سٹوڈنٹس کی کاوشوں کو سراہا ۔انکا کہنا تھا کہ ادارہ کی جانب سے صحیح معنوں میں ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے ، اپنے بزرگوں کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اسلئے نوجوان نسل کو ان سے آگہی ہونی چاہیے ۔ انکا کہنا تھا کہ نجی کالج میں ثقافت کے دن بطور مہمان خصوصی شرکت کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد آپس میں محبت اخوت امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔











