پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد میں شعبہ خواتین کا کردار قبل فخر ہے؛ملک علی سانول اعوان

9

جوھرآباد،19مارچ(اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورحلقہ این اے 93 سے امیدوار ملک علی سانول اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد میں شعبہ خواتین کا کردار قبل فخر ہے۔

پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک علی سانول اعوان نےکہا کہ کسی بھی معاشرے میں سیاسی اور معاشی استحکام، ترقی  اور عوامی خوشحالی میں خواتین کے کردار کو بہت اہمیت حاصل ہوتی ہے، بلاشبہ ہر دور میں خواتین نے انقلابی اقدامات کے ذریعے صف اول کا کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کنونشن کے انعقاد کا مقصد معاشرے میں خواتین کا سیاست میں کردار، ویمن ایمپاورمنٹ ، فیصلہ سازی میں خواتین کا اثر ہونا اور الیکشن میں پارٹی کا فرنٹ لائن فورس کے طور پر نمایاں کرنا ہے۔

 خواتین کنونشن سے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر خوشاب ڈاکٹر نعیم صادق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہے بلکہ ہمیشہ ہراول دستہ کا کردارادا کیا ہے۔

 کنونشن سے  ڈویژنل جنرل سیکرٹری گوہر جمال تطہیر صابرہ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں خواتین کے کردار کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔