کمشنر ملتان سکواش چیمپئن شپ 2023، علی حیدر نے جیت لی

7

ملتان، 12 مارچ (اے پی پی ):سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام پہلی کمشنر ملتانسکواش چیمپئن شپ 2023 علی حیدر نے جیت لی، دوسری پوزیشن علی غازی جبکہ تیسری پوزیشن محمد رضا نے حاصل کی۔

دی سٹیٹ آف آرٹ ملتان سکواش ارینا میں دو دن جاری رہنے والی کمشنر ملتان چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز میں علی حیدر نے محمد رضا اور علی غازی نے محمد زاہد کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ محمد رضا نے تیسری پوزیشن کے لیے محمد زاہد کو باآسانی ہرادیا۔سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن قسمت کی دیوی نے علی حیدر کا ساتھ دیا اور وہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔علی غازی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف نے بتایا کہ سکواش کورٹ کی تعمیر سے ملتان کے کھلاڑیوں کو کھیل کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کرتا رہے گا۔

صدر سکواش ایسوسی ایشن ملتان ڈویژن اریج فرید نے کہا کہ پاکستان نے اس کھیل میں بہت نام کمایا ہے۔جہانگیر خان جان شیر خان۔قمر زمان خان جیسے لیجنڈری سکواش کے پلیئرز نے عالمی سطح پر ملک پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔امید ہے کہ ملتان سے بھی جلد ہی اس کھیل میں کھلاڑی ملک پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

سابق صدر نصرت علی صدیقی نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کو اور چیف آرگنائزر امجد علی صدیقی کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں پر سکواش کے کھلاڑیوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

نظامت کے فرائض نور خان قیصرانی ٹی ایس او ملتان نے سر انجام دیے۔آخر میں پوزیشن ہولڈرز میں ٹرافیاں اور کیش پرائز جبکہ آفیشلز اور منتظمین میں اعزازی سووینئر دیے گئے۔