گورنر خیبرپختونخوا سےالیکشن کمیشن کی ٹیم کی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے سلسلے میں ملاقات

13

پشاور۔ 08 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے الیکشن کمیشن کی ٹیم نے انتخابات  کی تاریخ مقرر کرنے کے سلسلے میں ملاقات کی۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمیدخان، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال حسین اور ڈائریکٹرجنرل لا ارشد خان شامل تھے جبکہ اجلاس میں گورنرسیکرٹریٹ سے پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمودحسن، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنرسیف الاسلام شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کی روشنی میں گورنر خیبرپختونخواکو بریف کیا کہ وہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات  کی تاریخ دینے کے پابند ہیں تاکہ 90دن یا کم سے کم وقت میں انتخابات کروائے جاسکیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے  الیکشن کی تاریخ دینے پر کہاکہ وہ آئندہ ہفتے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اسلام آباد میں کمیشن کے ساتھ حتمی مشاورت کے لئے ملاقات کریں گے۔