یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں انسداد منشیات آگاہی سیمینار کا انعقاد

13

وہاڑی، 17 مارچ (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور یونیورسٹی آف ایجو کیشن وہاڑی کیمپس کے باہمی اشراک سے انسداد منشیات آگاہی سیمینار کا انعقاد یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس کے لنکن کارنر میں کیا گیا ۔سیمینار کی صدارت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شیخ اسرار احمد نے کی سیمینار کے مہمان خصو صی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عیسیٰ خان اور ریسورس پرسن سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی مرزا ساجد بیگ تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عیسیٰ خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات سیمینار کے انعقاد کامقصد طلبہ وطالبات میں شعور بیدار کرنا ہے نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے منشیات کے عادی افراد کو حلال اور حرام کی تمیز نہیں رہتی۔ منشیات میں مبتلا ایک فرد سے پورا خاندان مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے اورخاندان کے معاشی مسائل انتہا کو پہنچ جاتے ہیں۔ نوجوان نسل ہمارا روشن مستقبل اور والدین کی امیدوں کا مرکز ہیں طلباء مثبت سرگرمیوں کو اپنائیں اور اپنے روشن مستقبل پر توجہ مرکوز رکھیں منشیات کی روک تھام کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور کہا کہ  طلباء  خود بھی نشہ کی لعنت سے دور رہیں اور دوسروں کو بھی انسداد منشیات بارے آگاہی دیں، طلباء پولیس کو منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں تعلیمی اداروں میں منشیات کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،طلباء کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے منشیات فروشوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنا یا جائے گا۔

ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے مزید کہا کہ جس شخص کے خلاف کسی بھی تھانے میں منشیات کا کیس رجسٹرڈ ہو جائے وہ کسی سرکاری ملازمت کا اہل نہیں رہتا۔ جس پر منشیات کا مقدمہ درج ہو بیرون ملک بھی نہیں جا سکتا ہے ہمیں اپنے اردگرد مشکوک لوگوں پر گہری نظر رکھنی ہو گی۔

پرنسپل یونیورسٹی آف ایجو کیشن وہاڑی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شیخ اسرار احمد  نے اس موقع پر کہا کہ انسداد منشیات کیلئے تعلیمی اداروں میں طلباء کو آگاہی دینا انتہائی ضروری ہے اسلام نے ہر قسم کی منشیات کو حرام قرار دے کر اس کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی ہے  اور کہا کہ انسداد منشیات کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہے سیکیورٹی سٹاف منشیات کی روک تھام کیلئے متحرک ہے یونیورسٹی کی کینٹین کو بھی باقاعدگی سے چیک کیا جا رہا ہے۔

سپرنٹنڈ نٹ جیل مرزا ساجد بیگ نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے طلبا ء کو آگاہی دینا وقت کا تقاضاہے طلباء ہمارے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں  اور کہا کہ حکومت پنجاب جیلوں میں بحالی سنٹر قائم کرنے جا رہی ہے۔

ڈپٹی ڈائر یکٹرا نفارمیشن میاں نعیم عاصم نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے مکمل آگاہی ہونی چاہیے، طلبہ وطالبات منشیات کی لعنت سے دور رہ کر اپنا مستقبل سنواریں انسداد منشیات کیلئے طلباء بھی متحرک کر دار ادا کریں طلباء کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہو گا۔

ای ٹی او رائے بشیر احمد کھرل نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن منشیات کی روک تھام کیلئے اہم کر دار ادا کر رہا ہے والدین کو بھی اپنے بچوں پرخصوصی نظر رکھنی چاہئے،بچوں کی سرگرمیاں باقاعدگی سے مانیٹرکرنی چاہئیں۔

ایڈوائزر اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی یونیورسٹی آف ایجو کیشن اسسٹنٹ پروفیسر رانا عارف اللہ نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجو کیشن میں طلباء کی کردار سازی پر خصو صی توجہ دی جاتی ہے ۔

سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر کوارڈینیشن محمد شفیق، ڈپٹی ڈائر یکٹرانفارمیشن میاں نعیم عاصم، ای ٹی او رائے بشیر کھرل، ڈی ایس پی لیگل اسلم حیات، چیف سیکیورٹی آفیسر پولیس ڈیپارٹمنٹ رانا ثاقب نذیر، انچارج سٹوڈنٹس افیئرز لیکچرار فقیر حسین،اسسٹنٹ پروفیسر کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ راؤ ساجد محمود، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔