لاہور، 5اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سپورٹس کا فروغ حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔
بدھ کو یہاں اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں انہوں نے رمضان المبارک سپورٹس سیریز کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کر کے ان کی صلاحیتوں کو جلا بخشنا چاہتے ہیں،کھیل کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک سپورٹس سیریز میں فٹبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ہاکی،کبڈی اورکرکٹ کے مقابلے کرواجائیں گے، ان مقابلوں میں پنجاب بھر کے 9 ڈویژن کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپورٹس مقابلے سپانسرڈ ہوں گے، سرکاری فنڈ خرچ نہیں کیا جائے گا۔ ونر ٹیموں کو 85لاکھ روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔ کرکٹ، ہاکی،کبڈی، بیڈمنٹن، فٹبال اورٹیبل ٹینس کے ونرکو 2 ،2لاکھ روپے کیش پرائز دیا جائے گا ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ہاکی کے مقابلے منی ہاکی سٹیڈیم میں 7 سے 11اپریل تک روزانہ رات کو منعقد ہوں گے جبکہ فٹبال اورکبڈی کے مقابلے پنجاب فٹبال سٹیڈیم اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے سپورٹس جمنیزیم میں منعقد کروائے جائیں گے۔ بیڈمنٹن کے مقابلے انٹرنیشنل جمنیزیم ہال اورکرکٹ کے مقابلے ایل سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان سپورٹس مقابلوں میں 57 ٹیموں کے 903کھلاڑی اورآفیشلز شرکت کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامرمیر، مشیر برائے کھیل وہاب ریاض،چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہور،ڈی سی لاہور، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











