ضلع اٹک میں اب تک دو لاکھ سے زائد خاندانوں میں تین لاکھ 36 ہزار 205 آٹے کے تھیلے تقسیم

24

حضرو ،یکم اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنررائو عاطف رضا نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں مستحق افرادمیں آٹے کےتھیلوں کی تقسیم منظم انداز سے جاری ہے،ضلع اٹک میں اب تک  دو لاکھ سے زائد خاندانوں میں تین لاکھ 36 ہزار 205  آٹے کے تھیلے تقسیم کر دیئے گئے ہیں،  اٹک ان چند  اضلاع  میں شامل ہے جہاں آٹے کے مفت تھیلے منظم انداز میں تقسیم کیےجارہے ہیں،یونین کونسلز کی سطح پر بھی مفت آٹے کےتھیلے تقسیم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر  نے مزید  کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ہماری پہلی ترجیح ہے کہ تمام معذور مستحق افراد میں بغیر کسی بدنظمی کے احسن طریقے سے آٹا تقسیم کیا جائے  اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں،   ضلع بھرمیں 32  فری فلورپوانئٹس قائم کئے گئے ہیں جوصبح چھے بجے  کھول دئیے جاتےہیں جہاں ضلعی و تحصیل انتظامیہ کا عملہ مستحق افراد کی مدد و رہنمائی کے لیے موجودہوتاہے۔

انہو ں نے کہا کہ  ضلع میں تمام فری آٹا   پوائنٹس پر مرد و خواتین اور خصوصی  افراد کے لئے الگ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ مفت آٹے کے حصول کے لئے صرف مستحق افراد ہی آٹا لینے آئیں تاکہ بے جا رش نہ بنے،ایک خاندان کے ایک فرد کو ہی آٹے کا مفت تھیلا فراہم کیا جائے گا۔

سیکیورٹی کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ  وہ خود  اور ڈی پی او اٹک تمام تحصیلوں کا دورہ کرکے آٹا تقسیم کرنےکےعمل کا جائزہ لےرہےہیں اور تمام انتظامات کی نگرانی کررہےہیں۔مفت آٹے کی تقسیم کا یہ عمل 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔

میڈیا کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوۓ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے،عوام کی سہولت کے لیے کریٹیکل بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں پر اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔