لاہور؛ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ لیا

31

لاہور، یکم اپریل(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ہفتہ کو یہاں  تاج پیلس ہال ہربنس پورہ میں قائم مفت آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور سنٹر میں شہریوں کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سنٹر پر شہریوں کے لئے سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے  کہا کہ سنٹرز پر آنے والے ہر شہری سے  عزت سے پیش آیا جائے اور جلد پراسیس مکمل کیا جائے۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں  نے مرد و خواتین کی شکایات بھی سنیں اور فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے مرد و خواتین سے سنٹرز پر انتظامات اور آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے  سنٹرز پر شہریوں کی تعداد کے مطابق سہولیات اور انتظامات بڑھانے کا حکم  دیتے ہوئے  کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج کی خود  مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔