مستحق آرٹسٹوں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے امدادی رقم 50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی ہے، نگران صوبائی وزیر عامر میر

22

لاہور 13 اپریل ( اے پی پی ):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیر صدارت آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کا اہم  اجلاس الحمراء لاہور میں منعقد ہوا ۔جس میں سیکرٹری اطلاعات وثقافت علی نواز ملک  اور محکمہ  کے ماتحت اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں مستحق آرٹسٹوں کی مالی امداد کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر عامر میر نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں شامل آرٹسٹوں کی جانچ پڑتال کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاکہ آرٹسٹوں کی مالی امداد کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ مستحق آرٹسٹوں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے امدادی رقم 50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی ہے۔ اور فوت ہونے والے آرٹسٹوں کی تجہیز و تکفین کے لے مالی امداد 50ہزار روپے دی جا رہی ہے ۔  صوبائی وزیر عامر میر نے مستحق آرٹسٹوں کی مالی امداد  کی رقم جاری نہ کرنے پر متعلقہ سٹاف کی سرزنش کی اور آرٹسٹوں کی رکی ہوئی مالی امداد فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ پیسہ آرٹسٹوں کی امانت ہے،جلد ان تک پہنچایا جائے اور آرٹسٹوں کی مالی معاونت کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے نئے مستحق آرٹسٹوں کی شمولیت کے لئے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کی منظم اور مربوط آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق آرٹسٹ اس سے مستفید ہو سکیں ۔ صوبائی وزیر نے پی ایس پی اے کے نمائندے کو ہدایت کی کہ تمام آرٹسٹوں تک مالی امداد پہنچانے کے لئے مربوط نظام وضع کیا جائے۔تاکہ کوئی بھی مستحق آرٹسٹ مالی امداد سے محروم نہ رہے۔ عامر میر نے کہا کہ  فنکاروں کی ملک کے لئےخدمات کے معترف ہی اور  ہمارا مشن ہی فن اور فنکار کی خدمت ہے۔