ملتان، 05اپریل (اے پی پی ):ملتان میٹرو بس کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی بلڈنگ کی تکمیل کے لئے پیش قدمی شروع کردی گئی ہے، محکمہ خزانہ پنجاب نے منصوبے کے لئے 7 کروڑ 48 لاکھ روپے مختص کردئے ہیں،مختص فنڈز کے اجراء کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں قائم مقام ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب قیصر سلیم کی زیرصدارت منصوبہ بارےجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام، ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر،سیکشن آفیسر محمد احمد خان اور ڈائریکٹر انجینئرنگ ایم ڈی اے رانا وسیم نے شرکت کی۔
قائم مقام ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب قیصر سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے لئے 7 کروڑ48 لاکھ روپے مختص کردئے ہیں لیکن فنڈز کے اجراء کے لئے منصوبے کی مدت میں ایکسٹینشن ضروری ہے۔انہوں نے ڈی جی ملتان ڈویلمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ پی ڈی ڈبلیو پی سے منصوبے کے ایکسٹیشن لینے کے کاوشیں تیز کی جائیں تاکہ فنڈز جاری ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ فنڈز جاری ہونے کی صورت میں 30 جون سے قبل خرچ کرنا ہونگے۔
ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی بلڈنگ کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بلڈنگ کی فنشنگ کا کام باقی ہے۔











