نوشہرہ ورکاں،30 اپریل(اے پی پی):ایڈیشنل سیشن جج اظہر علی جعفری نے علاقہ تھانہ تتلے عالی موضع ماڑی بھنڈراں کے رہائشی نوجوان ذوالفقار احمد گجر کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرمان کو سزائے موت، ایک مجرم کو عمر قید ایک کو چار سال قید جبکہ پانچ ملزمان کو باعزت بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق جولائی 2021 میں ملزمان توکل وغیرہ اسلحہ اور کلہاڑیوں سے مسلح دس افراد نے نوجوان ذوالفقار احمد گجر پر فائرنگ اور کلہاڑیوں سے حملہ کر کے قتل کردیا تھا،جس کا مقدمہ تھانہ تتلے عالی میں مقتول ذوالفقار احمد گجر کے چچا محمد اکرم کی رپورٹ پر درج ہوا جس میں چار ملزمان توکل،جہانزیب شانی،خالد اور سرور گرفتار ہوئے اور ملزم محمد سرور ضمانت پر تھا۔
عدالتی فیصلہ میں توکل، جہانزیب شانی، خالد کو سزائے موت، سرور کو عمر قید اور علی رضا کو چار سال قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے جبکہ پانچ ملزمان جمشید،لیاقت گلزار ،حبیب اور عظمت کو بے گناہ قرار دیکر بری کر دیا گیا ہے اور بر ضمانت ملزم سرور کو سزا سنائے جانے پر احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔











