نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر سکول، کالجز، یونیورسٹیز اور کلب لیول پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کی منظوری

38

 لاہور, 13اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں سکول،کالجز، یونیورسٹیز اور کلب لیول پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے اور ایک ماہ تک جاری رہنے والے سپورٹس ایونٹس میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، والی بال، اتھلیٹکس اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی سائٹ پر کھلاڑیوں اور کلب کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں سپورٹس ڈپارٹمنٹ سے جامع پلان طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ دیہات اور دور دراز علاقوں میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا اور جیتنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی سپورٹس بورڈ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔