اسلام آباد،4اپریل (اے پی پی):پاکستان اور اٹلی نے بے نظیر نشوونما پروگرام کیلئے 500ملین روپے کی معاونت کے معاہدے پر دستخط کردئیے۔
اس حوالے سے تقریب منگل کویہاں وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کے تحت بلوچستان کے ہدف شدہ اضلاع جھل مگسی، خضدار اور لسبیلہ میں بچوں، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کی صحت کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
یہ معاہدہ پاکستان اٹلی ڈیبٹ سویپ ایگریمنٹ کے تحت ہواہے ۔ اس معاونت کے تحت بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 2 سال سے کم عمر کے 16,000 بچوں کو خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جائیں گی، ان بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور ماں اور بچے کی باقاعدگی سے صحت کی جانچ کی سہولیات فراہم ہوگی۔
پاکستان اٹلی ڈیبٹ سویپ ایگریمنٹ پاکستان کے شریک ڈائریکٹر اسلام زیب، اٹلی کے شریک ڈائریکٹر پیٹرو ڈیل سیٹے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل نوید اختر نے معاہدے دستخط کیے۔ بے نظیر نشوونما پروگرام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پاکستان کے 156 اضلاع میں جاری ہے۔
اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور اطالوی سفارت خانے کے ناظم الامور رابرٹو نیکیا اور اطالوی ایجنسی برائے ترقی و تعاون کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر فرانسسکو زٹا بھی موجود تھے۔











