تھرپارکر؛استحکام پاکستان ریلی ، جی ایچ کیو حملے کی مذمت ،ملک دشمن عناصر کیخلاف زبردست نعرہ بازی

16

تھرپارکر،27مئی(اے پی پی):تھرپارکر کے شہر مٹھی میں افواج پاکستان کے حق میں تھر باسیوں کی جانب سے بھرپور ریلی نکالی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی ،اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عبدالحمید مغل، مختیارکار مٹھی لال محمد بجیر سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

ریلی کا آغاز نشنل بینک مٹھی سے کیا گیا، ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئی کشمیر چوک مٹھی بھر  پہنچی، ریلی میں پاک افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

ریلی میں بچوں سمیت مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینر اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے نظر آئے اور نو مئی کو ہونے والے جی ایچ کیو پر حملے اور  فوجی املاک پر نقصانات کی مذمت کی۔

ریلی میں سابق وزیر عظم عمران خان اور ان کے حامیوں کے خلاف سخت نعرے لگائے گئے، اقتدار کی خاطر ملک جلانے والا عمران خان غدار ہے، عوام کو حملوں پر اکسانے والا حلیم عادل شیخ مردہ باد، دہشت گردوں کا سہولتکار شاہ محمود قریشی مردہ باد، نیازی کیلئے آئین کو پامال کرنے والا قاسم سوری، اسد قیصر پر لعنت، سندھ میں تخریب کاری کے ماسٹر مائنڈ عمران اسماعیل پر لعنت، فوج کے خلاف نفرت پھیلانے والے  فرخ حبیب پر لعنت، بلوائیوں کو جی ایچ کیو بھیجنے والے مراد سعید پر لعنت جیسے تمام نعرے بینرز پر آویزاں کئے گئے تھے اور زودار نعرے بھی لگائے گئے۔

ریلی میں پی پی، جماعت اسلامی، جے یو آئی، ٹی ایل پی، جمیعت اہلحدیث، مرکزی جمیعت اہلحدیث، جبکہ قوم پرست جماعتوں سے قومی عوامی تحریک، سندھ ترقی پسند پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی سمیت تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پی پی پی کے رہنما منوج ملانی، جماعت اسلامی کے رہنما میر محمد بلیدی، جی یو آئی کے عزیزاللہ ساند، سندھ ترقی پسند پارٹی کے لالا مہیش، ایس یو پی کے عمر انڑ، قومی عوامی تحریک کے سریش پرمار ریلی میں شامل تھے۔