جدہ؛ یوم تکبیر کی مناسبت سے صحافی برادری کیجانب سے تقریب ، پاکستان کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی

6

جدہ،29 مئی (اے پی پی ): . پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو پچیس سال مکمل ہونے پر   یوم تکبیر کی مناسبت سے صحافی برادری کیجانب سے  تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب کی صدارت  جہانگیر خان نے کی۔

تقریب کے ناظم ریاض گھمن نے کہا کہ ملک اسوقت سنگین دوراہے پر کھڑا ہے،ہمیں چاہئے کہ ملک سے باہر ہم اتحاد  اور یگانت کا ثبوت دیں۔ انہوں نے امیر محمد خان، جہانگیرخان، مسرت خلیل اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔

 تقریب سے  خطاب میں صحافی امیر محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جوہری طاقت بنے ہوئے پچیس سال کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے جو کہ ایک خوشائند بات ہے مگر افسوس اس کا ہے کہ پاکستان جوہری طاقت ہونے کے باوجود بھی بدترین معاشی بحران کا شکار ہے جس کی ایک وجہ سیاسی عدم استحکام بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی پاکستان دشمن جو پاکستان کی جوہری طاقت سے خوفزدہ تھے،  پاکستانی سیاست دانوں نے انکا سہولت کار بنتے ہوئے پاکستان کو  اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے کہ جہاں لگتا نہیں کہ وہ جوہری ملک  ہے۔

صحافی امیر محمد خان نے کہا کہ  ملک کی طاقت اصل طاقت عوام ہوتی ہے جو  سیاست دانوں کے رحم و کرم پر ہے، سیاست دانوں کے نزدیک ملک کم اہم اور کرسی زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ  معاشی بحران عوام پر اثر انداز ہوتا ہے اور ملک کمزور ہوجاتا ہے۔

صحافی امیر محمد خان نے کہا کہ سرحدوں پر  ہمارے عسکری طاقت تمام تر  دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے اور اس میں انکی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عسکری طاقت کی بہادری کو دل برداشتہ کرنے کیلئے 9 مئی کا تماشہ رچایا گیا جس پر  ہر محب وطن کا دل خون کے آنسو رورہا ہے۔

 مسرت خلیل نے خطاب کرتے  ہوئے  کہا کہ  ملک کی معیشت کی بحالی سیاست دانوں کی اولین ذمہ داری ہے  لیکن  وہ اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے  اور صرف کرسی کو حاصل کرنے  میں   مصروف ہیں جو  ایک مسنوئی عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ  سیاست دان ہر قدم پر  اسٹیبلشمنٹ کی جانب ہی دیکھتی ہے اور  مرضی کا جواب نہ ملنے پر  انکے خلاف پروپیگنڈا کرتی ہے یہ پروپیگنڈا ہمارے دشمنوں کے سود مند ہوتا ہے۔

  تقریب سے خالد چیمہ، محمد عدیل، شعیب الطاف،  سمیت دیگر صحافیوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ  قومی دنوں پر  کمیونٹی اور میڈیا کو ایک ساتھ ملکر یہ دن منانا چاہیں۔