سیالکوٹ؛ مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوینٹی  کانفرنس کے اعلان کے خلاف  پرامن احتجاجی ریلی کا انعقاد

18

سیالکوٹ،13 مئی(اے پی پی):ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوینٹی  کانفرنس کے اعلان کے خلاف سیالکوٹ کی سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک پرامن احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔کچہری چوک تا ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ تک منعقدہ ریلی کے شرکاء نے ہندوستان  کے اعلامیہ کے خلاف پلے کارڈز، بینرز اور کشمیری پرچم اٹھارکھے تھے۔

 شرکاء ریلی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوینٹی کانفرنس  کے اعلامیہ کویکسر مسترد کرتی ہے، جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ‘متنازعہ’ علاقہ  ہے اور  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان علاقے کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ‘متنازع’ حیثیت کی مکمل طور پر نظر انداز کر رہا ہے اور اسے عالمی برادری اور مہذب دنیا کو کسی بھی حالت میں قبول نہیں کرنا چاہئے ۔

شرکاء نے کہا کہ جی ٹوینٹی کے اراکین قانون اور انصاف کے تقاضوں سے پوری طرح واقف ہیں اور متنازعہ علاقہ میں کانفرنس میں ان کی شرکت کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی حمایت سمجھی جائے گی۔

 ریلی میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر شریف گھمن، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن ملک اللہ داد، کوآرڈینیٹر این جی اوز اشفاق نذر گھمن، ایم او فنانس رانا ثقلین، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن عطاء الہی، عمران لا ثانی ایڈووکیٹ، ظفر بٹ اور ملک اللہ یار بھی موجود تھے۔