شیخوپورہ؛ ریسکیو 1122 کیجانب سے پری فلڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد

32

شیخوپورہ، 26 مئی (اے پی پی ):ریسکیو 1122 شیخوپورہ کے زیرِانتظام سیلاب سے نمٹنے کیلئے اپر چناب نہر خانپور میں پری فلڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا ، فلڈ موک ایکسر سائز میں ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے بطور مہمان ِخصوصی خصوصی شرکت کی۔

 ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے ضلع شیخوپورہ کے متعلقہ اداروں کی جانب سے لگائے گئے تمام ریلیف کیمپوں اور فرضی مشقوں کا معائنہ کیا۔موک ایکسر سائز میں ریسکیو 1122 کی تربیت یافتہ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے حصہ لیا۔ پی ڈی ایم اے کے نمائندے نے تمام اداروں خصوصاً ریسکیو 1122 کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے ہنگامی انخلاء اور غوطہ خوری کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے عوام کو بروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کرنے کیلئے امدادی کیمپ بھی لگائے گئے۔

 ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے پہلے سے اقدامات کیے ہوئے ہیں تا کہ بروقت لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پری فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد ممکنہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کی برقت مدد کے پیشِ نظر استعداد کار اور اداروں کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ضلع بھرکے تمام ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ریسکیو 1122 تربیت یافتہ افرادی قوت اور جدید ٹیکنیک اور جدید آلات سے لیس ہے اور ریسکیو اہلکار روزمرّہ کی ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناگہانی آفت سے نبردآزما ہونے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔