عوام کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت کسی صورت ختم نہیں کی جا رہی؛ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

27

لاہور،25 مئی (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ عوام کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت کسی صورت ختم نہیں کی جا رہی، پنجاب کی عوام تک یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے سو فیصد ثمرات پہنچانے کیلئے مزید بہتری کررہے ہیں۔

ان خیالات کا   اظہار نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم  نے  چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالہ سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اجلاس کے دوران یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت سید واجدعلی شاہ نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم  نے کہا کہ  یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ثمرات اصل حق داروں کو پہنچانا چاہتے ہیں۔یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت پنجاب کی عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو صحت کارڈ بارے شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 اجلاس میں  سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، پاکستان اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی سے ڈاکٹر نور و دیگر افسران نے شرکت کی۔