لاہور،27مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ 28 مئی،1998 کا دن ہماری سلامتی، دفاع اور قومی وقار کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،مسلم لیگ کی جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان حاصل ہوا اور اسی جماعت کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا جبکہ یہ اعزاز اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو حاصل ہوا جنہوں نے ہر قسم کے عالمی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا دیا۔
گورنر پنجاب نے ایوان قائد اعظم میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام یوم تکبیر کی سلور جوبلی کی مناسبت سے منقعدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جرات ایمانی کی بدولت پاکستان کی وحدت اور سلامتی کو لاحق خطرات ہمیشہ کے لئے دور ہو گئے، ایٹمی پروگرام کے بانی سابق وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو، چیف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے دن رات ایک کرکے اس ایٹمی پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا، پاک فوج کے افسران اور جوان بھی قابل تحسین ہیں جو ہمہ وقت چاغی میں موجود رہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے محسنوں کو یاد رکھنا اور نفرت انگیز تقاریر و بیانات سے گریز کرنا چاہیے، کسی بھی قوم کے لئے اپنے شہداء سے بڑھ کر کوئی محسن نہیں ہو سکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ 9مئی کو شہدا ء کی جو بے توقیری کی گئی وہ پوری قوم کے لئے شرمندگی کا باعث ہے، پاک فوج کے شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کا وقار مجروح کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر واجب اور ان کی توہین کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان واقعات میں عوام کو گمراہ کیا گیا ،انہیں جلائوگھیرائو پر اکسایا گیا ،ایک سیاستدان نے اپنی حکومت کی بیڈ گورننس سے توجہ ہٹانے اور کرپشن کو چھپانے کے لئے عوام میں نفرت کو ابھارا اور اتنے تواتر سے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا کہ کئی لوگ اس کے جھانسے میں آ گئے ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کے رویوں کو روکنا ہوگا ، ہمارے دشمن ہمیں عدم استحکام اور اندرونی انتشار کا شکار بنانے کی کوشش کررہے ہیں، وہ ہمارے خلاف دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں،ان کے مذموم مقاصد میں پاکستان کے عوام کو اپنے وطن کے مستقبل کے بارے مایوسی میں مبتلا کرنے اور عوام الناس و قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کے مابین بداعتمادی پیدا کرنا شامل ہے جس کے مقابلہ کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔
بلیغ الرحمن نے کہا کہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد کو اجاگر کرنے میں شب و روز کوشاں اورمیں اس قومی نظریاتی ادارے کی سرگرمیوں سے بخوبی واقف ہوں، یہ ادارہ عوام الناس بالخصوص نسل نو کو بابائے قوم کے اس فرمان کی مسلسل یادہانی کروارہا ہے کہ پاکستان بنانے کا مقصد محض ایک خطہ زمین کا حصول نہیں بلکہ اسے اسلام کی ایک تجربہ گاہ بنانا مقصود ہے۔
تقریب کے اختتام پر نظریہ پاکستان فورم آزاد کشمیر کے صدر مولانا محمد شفیع جوش نے شہدائے پاکستان کی بلندی درجات اور پاکستان تعمیر و ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔تقریب میں سیف اللہ چوہدری، سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، میاں فاروق الطاف، سینیئر وائس پریزیڈنٹ نظریہ پاکستان ٹرسٹ، سینیٹر مشاہد حسین سید، مجیب الرحمن شامی، سلطان احمد علی، محترمہ مجیدہ وائیں , میاں ضیا الرحمن، میاں سلمان فاروق، پروفیسر ، ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں، اساتذہ کرام ،طلبا و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو یومِ تکبیر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔











