نگران وزیراعلی پنجاب کا واک این شاپ ایرینا واکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ ، واک این شاپ کا معائنہ ، فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا

29

لاہور،27مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے جوہر ٹائون میں واک این شاپ ایرینا اور اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا-محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیااور فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیااورایرینا میں اٹالین، امریکن، چائنیز،سپانیش اور مغلیہ طرز کے پویلین دیکھے۔

محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کی جلد نیلامی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شفاف انداز سے نیلام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جوہر ٹائون، خیابان فردوسی پر واقع واک این شاپ ایرینا سرمایہ کاروں کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا،اس پراجیکٹ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے جس کے لیے ملکی و غیر ملکی کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے۔

 کمشنر لاہور/ ڈی جی ایل ڈی اے نے نگران وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واک این شاپ ایرینا 130 کینال پر بین الاقوامی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے،ایرینا میں کاروبار کے لیے مختلف سائز کے 84 یونٹس اور روف ٹاپ ریستوران کے مواقع موجود ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ واک این شاپ ایرینا میں 500 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہے جبکہ بچوں کی تفریح، زیپ لائن، رولر کوسٹر، امیوزمنٹ پارک سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہونگی۔

 نگران وزیراعلی پنجاب نے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کو اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹائون، فیصل ٹائون، جوہرٹان، ٹائون شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے،روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی،پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔

 محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکبر چوک، شوک چوک، ماڈل ٹائون لنک روڈ اور مادرملت پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بھی بنائے جائیں گے،جناح ہسپتال سے پیکو موڑ تک دونوں اطراف میں فلائی اوورز بنائے جائیں گے اورکالج روڈ، اکبر چوک کے اطراف میں ٹریفک کا دیرینہ مسلہ حل ہو گا۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ اظفرعلی ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔