گوجرانوالہ؛ وفاقی وزیر  خرم دستگیر کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی و استحکام پاکستان ریلی

41

گوجرانوالہ،26مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی و استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی،لیگی قیادت نے شہداء پاک فوج کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ریلی  دستگیر ہاؤس سیٹلائٹ ٹاؤن سے شروع ہوکر چناب گیٹ کینٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

 دیگر حلقوں میں ایم این اے محمود بشیر ورک، ایم این اے ذوالفقار علی بھنڈر،سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ، سینئر نائب صدر سٹی شعیب بٹ،سابق ممبران اسمبلی حاجی عبدالرؤف مغل، عمران خالد بٹ،توفیق احمد بٹ،حاجی وقار چیمہ، حاجی نوازچوہان ،سابق میئر شیخ ثروت اکرام ودیگر نے اپنی اپنی ریلیوں کی قیادت کی۔مسلم لیگ ن کی ریلیاں گوجرانوالہ کینٹ کے چناب گیٹ پر جاکر اختتام پذیر ہوئیں،جہاں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان ودیگر لیگی قیادت نے شہداء پاک فوج کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔گوجرانوالہ کے شہریوں نے جگہ جگہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ گوجرانوالہ کی غیور عوام اپنے شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکلے ہیں اور ان لوگوں کو مسترد کرنے کے لیے نکلے ہیں جنہوں نے ان شہیدوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی،جنہوں نے ہماری دفاعی تنصیبات کی بے حرمتی اور سرکاری املاک کو آگ لگائی ہے،گوجرانوالہ کے شہری اس لیے باہر آ رہے ہیں کہ وہ شہیدوں اور پاکستان کو تعمیر کرنے والوں کے ساتھ ہیں،گوجرانوالہ کی عوام پاکستان کو جلانے والوں کو مسترد کرتے ہیں،ریلی کا اختتام اسی جگہ پر کیا جہاں پر 9مئی کو تخریب کار فتنہ اور فساد والے اکٹھے ہوئے تھے۔انہوں نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی جس کو پسپہ کیا گیا،گوجرانوالہ کے شہریوں کی سب سے بڑی غالب تعداد شہیدوں کے ساتھ ہے۔