لاہور، 24جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کر کے اور ان کی تکالیف کا ازالہ کرکے ہم اداروں میں کارکردگی کے حوالے سے بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں، حکومت کی تمام تر پالیسیوں کا محور عوام الناس کی خدمت اور فلاح و بہبود ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کے 33ویں سینئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چیف انسٹرکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد محمد مسعود احمد کی قیادت میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود حکومت کی جانب سے عوام دوست بجٹ پیش کرنا ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور سول سرونٹس پبلک سروس آپ کی ترجیح ہونی چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کر کے اور ان کی تکالیف کا ازالہ کرکے ہم اداروں میں کارکردگی کے حوالے سے بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ افسران عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس تربیتی کورس سے یقینا آپ کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ ہوگا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ زندگی میں سیکھتے رہنا ایک مسلسل عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہے اور وہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں جنہوں نے تحقیق اور ریسرچ پر توجہ دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے سے ہی عزت اور کامیابی ملتی ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا کو گورنر ہائوس کی تاریخ سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے تربیتی کورس کے افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔قبل ازیں ، وفد کے سربراہ نے گورنر پنجاب کو 33ویں سینئر منیجمنٹ کورس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔











