رحیم یار خان: پولیس نے جعلی کیپٹن گرفتار کر لیا

4

رحیم یار خان، 08 جون(اے پی پی):تھانہ سٹی خانپور پولیس نے جعلی کیپٹن گرفتار کر لیا۔ تھانہ سٹی خانپور کی حدود کے رہائشی طاہر آرائیں نے خود کو حساس ادارے کے آفیسر کے طور پر متعارف کروایا، پولیس نے حرکات و سکنات سے مشکوک پاتے ہوئے سروس کارڈ طلب کیا جو وہ پیش نہ کر سکا، پولیس نے ملزم سے اس کی یونٹ وغیرہ کے متعلق سوال کیے تو ملزم گھبرا گیا، پولیس نے ملزم کے جعلی کیپٹن ہونے کی تسلی ہونے پر اسے گرفتار کر لیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے، ملزم نے خود کو جعلی آفیسر ظاہر کرنے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے جرم کا اقرار کرلیا۔

ایس ایچ او جام آفتاب احمد کا کہنا ہے کہ ملزم حساس ادارے کے افسر کے طور پر تعارف کروا کے ٹیلی فون کے ذریعے پیسے منگواتا رہا، گرفتار ملزم ایف اے پاس ہے اور حساس ادارے کا جعلی کیپٹن بن کر فراڈ کر رہا تھا، گرفتار ملزم کو قانون کے شکنجے میں لایا گیا ہے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔