روزی کمانے کے لئے باعزت، محفوظ ماحول ریہڑی بانوں کا بنیادی حق ہے؛ نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد

28

لاہور،02 جون(اے پی پی): نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے ریہڑی بانوں اور خوانچہ فروشوں کی ترقی کے لئے پروگرام متعارف کروانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزی کمانے کے لئے باعزت اور محفوظ ماحول ریہڑی بانوں کا بنیادی حق ہے۔

نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد سے وزیر اعلیٰ آفس کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر نویرا اور حمزہ طارق نے   جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ لاہور میں ریہڑیوں کی تعداد کا تعین کرنے کے لئے خصوصی سروے کیا جائے تاکہ ریہڑیوں کے لئے سپیشل زون بنا نے کی خاطر موزوں مقامات کی نشاندہی کی جاسکے۔

 ابراہیم مراد نے ہدایت دی کہ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے تعاون سے ریہڑی بانوں کو بلا معاوضہ جدید ڈیزائن کی ریہڑیاں مہیا کرنے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ریہڑی بانوں کو قانونی تحفظ دینے کے لئے ان کی رجسٹریشن کی جائے اور ریہڑی بانوں کو کاروبار کرنے کا لائسنس جاری کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔

 ابراہیم مراد نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح مخصوص علاقوں میں جدید ڈیزائن کی ریہڑیاں لگوانے کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ریہڑیوں پر کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر ضروری اشیاء فروخت کی جا سکیں گی۔

نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا کہ رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ لگانے سے ریہڑی بانوں کی عزت افزائی اور ان میں احساس تحفظ پیدا ہوگا اور  ریہڑیوں کی رجسٹریشن سے مالکان کو مختلف سرکاری اہلکاروں کی بھتہ خوری اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ریہڑی بانوں کے بھتے کی بجائے سالانہ معمولی سرکاری فیس ادا کرنے سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔