صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی زیر صدارت اجلاس،زرعی تحقیق کے فروغ، کینو کی پیداوار بڑھانے اور سٹریس انڈسٹری کی بحالی کے امور کا جائزہ

3

لاہور، 15جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت وتوانائی ایس ایم تنویرکی زیر صدارت نیو منسٹر بلاک میں اجلاس منعقد ہوا جس میں زرعی تحقیق کے فروغ، کینو کی پیداوار بڑھانے اور سٹریس انڈسٹری کی بحالی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد رانا اقرار احمد خان،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان اور محکمہ زراعت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔کراچی سے ایکسپوٹرز نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

 صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی تحقیق کا معیار بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔زرعی یونیورسٹیوں کو زرعی تحقیق کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں پاک چائنا ریسرچ ٹیکنالوجی پارک بنایا جائے گا۔ چین کے تعاون سے بننے والے اس پارک کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ سٹریس انڈسٹری کی بحالی اور کینو کی برآمدات بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گےاور  کینو کی پیداوار بڑھانے کے لئے نئی اقسام متعارف کروائی جائیں۔

 ایکسپوٹرز نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے زراعت اور زرعی تحقیق پر توجہ نہیں دی۔وقت کی ضرورت ہے کہ زرعی تحقیق کے معیار کو بہتر کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر رانا اقرار احمد خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی آئند چند روز میں سٹریس انڈسٹری کی بحالی،کینو کی پیداوار بڑھانے اور زرعی تحقیق کے فروغ کے حوالے سے تجاویز مرتب کرکے پیش کرے گی۔