کورونا کے دورمیں جدید ریسرچ پر توجہ دی گئی اچھی ریسرچ کے ہمیشہ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم

34

 

لاہور۔06 جون ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایف سی کالج میں فارمین انٹرنیشنل کانفرنس آن بزنس اینڈ اینوویشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر کانفرنس میں  فیکلٹی ممبران اور بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز بھی موجود تھے۔

ایف سی کالج کی انتظامیہ نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر ایف سی کالج کی انتظامیہ کو مبارکباد اور بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز کو خوش آمدید کہتا ہوں،مجھے دنیا کے پانچ ممالک کے ہیلتھ سسٹمز میں خدمات سر انجام دینے کا موقع ملا ہے اسی تجربات کی بنیاد پر بطور وائس چانسلر طبی درسگاہوں میں ہمیشہ ریسرچ کو فروغ دی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کی دنیا میں جدت لانا ہوگی پرفارمر ہمیشہ مشکلات کو عبور کر کے کامیابی حاصل کرتاہے،کوویڈ 19 نے دنیا کو جینے کے نئے طریقے دیئے ،کورونا کے دورمیں جدید ریسرچ پر توجہ دی گئی اچھی ریسرچ کے ہمیشہ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان 2048 تک آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن جائے گاملک کا صحت کا نظام بھی اس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنانا ہو گا ۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر بیرون ممالک سے آئے ریسرچرز کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔