امن کمیٹی ممبران امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں

25

چنیوٹ۔ 08 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا اور ڈی پی او وسیم ریاض خان نے امن کمیٹی ضلع چنیوٹ کے ممبران سے میٹنگ کی۔میٹنگ میں تمام مسالک کے علماء کرام،ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ ضلع چنیوٹ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی سمیت و دیگر انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا اور ڈی پی او وسیم ریاض خان نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔محرم الحرام میں امام بارگاہوں،جلوسوں پر مربوط حکمت عملی سے سخت سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔افسران نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور امن و امان کے قیام میں علماء کرام اور امن کمیٹی کامثالی کردار ہے۔  چنیوٹ کو امن کا گہوراہ بنانے اور قانون کی بالادستی قائم کرنے میں امن کمیٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ ممبران امن کمیٹی شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہیں آئندہ بھی امن امان کی صورتحال کو قائم رکھنے،مذہبی ہم آہنگی و رواداری کے فروغ کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ امن کمیٹی کے ممبران نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور اعادہ کیا کہ ضلع چنیوٹ میں تمام مکاتب فکر کے لوگ امن چاہتے ہیں اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ میٹنگ کے اختتام پر ملک پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔