ایبٹ آباد، 29 جولائی ( اےپی پی): ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایبٹ آباد میں عشرہ محرم الحرام پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا ۔یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ انجمن اصغریہ امامیہ کی زیر نگرانی برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے سینہ کوبی، زنجیر زنی کرتے ہوئے اختتام پذیر ہوا
۔مجلس عزا میں فقہ جعفریہ کے معروف مذہبی سکالر حسنین رضا ترابی نے خطاب کیا ۔اس موقع پر فقہ جعفریہ کے زاکرین ،ہزارہ ڈویژن کے صدر نذر حسین ایڈووکیٹ ،امن کمیٹی کے اراکین ،صدرآل ٹریڈرز فیڈریشن سردار شاہنواز اور کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔عزا داروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت کے علاوہ ریسکیو 1122کے اہلکاران و افسران بھی موجود تھے ۔جنہوں نے زنجیر زنی سے زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد دی ۔مرکزی جلوس میں مختلف مقامات پر دودھ ،پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں اور نذر ونیاز کا بھی عزا داروں کے لئے انتظام موجود تھا ۔جلوس کے مقررہ راستوں پر پولیس ،بم ڈسپوزیبل یونٹ ،سول ڈیفنس،واسا ،ٹی ایم اے سمیت مختلف حساس محکموں کے اہلکاران بھی موجود تھے ۔ڈی آئی جی ہزارہ ،ڈی پی او ایبٹ آباد نے بھی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لیا ۔جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔امن کمیٹی ،میڈیا اور ڈیوٹی سرانجام دینے والوں کو خصوصی پاسز جاری کئے گئے تھے۔جلوس کے شرکاء نے مقررہ ٹائم پر نماز ظہرین کی بھی ادائیگی کی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے مجلس عزا میں شریک ہوئے ۔فقہ جعفریہ کے معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر حسنین رضاترابی نے شہادت امام حسین( رض)پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔انہوں میدان کربلا میں یزیدیت کے ظلم وجبر کے سامنے حق کے علمبردار امام حسین رض اور ان کے خاندان کی قربانی کے مقصد کی بھی وضاحت کی ۔مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے پولیس کی سخت سیکورٹی میں اختتام پذیر ہوا ۔











