سیالکوٹ، دس محرم الحرام یوم عاشورہ کا سیکیورٹی پلان جاری

23

سیالکوٹ، 29 جولائی (اے پی پی): ڈی پی او محمد حسن اقبال کی ہدایت پر دس محرم الحرام یوم عاشورہ کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیاہے۔ دس محرم الحرام کو ضلع بھر میں کل 87 جلوس جس میں کیٹگری اے16، کیٹگری بی18 اور کیٹگری سی کے 53 جلوس برآمد ہونگے۔ جبکہ 77مجالس جس میں کیٹگری اے8، کیٹگری بی10 اور کیٹگری سی کی 59مجالس منعقد ہونگی۔

تمام جلوسوں پر ان کی حساسیت کے پیش نظر ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ پولیس اور دیگر اداروں کے 3000 سے زائد افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے اور دیگر یونٹس سے آنے والی نفری کی بھی ڈیوٹی لگائی گئی ہے

تمام جلوسوں کے روٹس کی سویپنگ کرائی جارہی ہے، جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کو خار دار تاروں سے بند کردیا گیا ہے جلوس میں داخل ہونے والے تمام افراد کی میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعے تلاشی لی جائے گی جبکہ جلوس و مجالس کی سیکیورٹی کے لیے بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی  تعینات کیے گئے ہیں. کیٹگری اے کے تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ سٹی ایریا میں جلوس ہائے کی ہوائی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔

ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پلان علیحدہ مرتب کیا گیا ہے ۔ دس محرم الحرام یوم عاشورہ کو ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس معطل رہے گی۔

ڈی پی او محمد حسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور  شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا نے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ محرم الحرام میں تمام جلوس اور مجالس چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے پولیس  کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے لئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔