پشاور، 29جولائی(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے کہا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس ہر قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے کیلئے الرٹ و تیار ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں نکالے جانے والے ماتمی جلوس کی سکیورٹی کیلئے 13500 پولیس افسران و اہلکار اپنے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان نے آج پاک آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ حکام کے ساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران ماتمی جلوس کے روٹس کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر کے تمام داخلی راستوں کو مکمل طور پر سیل کیے گئے ہیں اور
تمام ماتمی جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے نگرانی کے علاوہ ڈرون کیمرہ اور سرویلینس کیمرہ موبائل اور جلوس کے اطراف میں جیمرز کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، جب کہ عزاداروں کو تھری لییر سکیورٹی چیکنگ کے بعد اجازت دی جاتی ہے۔
اس موقع پر موجودہ حکام نے ڈرون کیمرہ کے استعمال کیساتھ ساتھ سرویلنس گاڑیوں کو چیک کرنے اور کے آر ایس کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور روٹ کو وقتا فوقتاً سویپنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











