نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

22

 لاہور، 26جولائی(اے پی پی):  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور لاہور میں نکاسی آب کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے لاہو رکی سڑکوں پر بارش کے پانی کے فوری نکاس کیلئے ضروری اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑی شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے موثر نظام کا نہ ہونا قابل توجہ ہے۔ مال روڈ، ملتان روڈ، مین بلیوارڈگلبرگ اور دیگر بڑی سڑکوں پر پانی کی فوری نکاسی میں کوتاہی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت بڑے شہرو ں کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔ اجلاس میں لاہور کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، تعمیرات و مواصلات،ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، ایل ڈی اے اور سی بی ڈی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔