چنیوٹ؛ مون سون کے دوسرے سپیل کی پہلی  بارش ، نشیبی علاقے زیر آب

22

چنیوٹ،21جولائی(اے پی پی):مون سون کے دوسرے سپیل کی پہلی  بارش سے پورا چنیوٹ شہر گندے پانی میں ڈوب گیا،  سیوریج سسٹم ناکارہ ہو جانے سے چنیوٹ کے درجنوں علاقوں میں شاہراہوں، اندرون بازاروں،ضلعی افسران کے دفاتر، میونسپل کارپوریشن کا دفتر، فرنیچر مارکیٹ پانی میں ڈوب گئے۔

مون سون کی ہونے والی بارش سے محلہ غفور آباد، حاجی آباد، کرم آباد، توحید آباد، دل خوشاب، محلہ گڑھا، شاہراہِ قائد اعظم، جھنگ روڈ، رحمن آباد سمیت درجنوں علاقوں میں خالی پلاٹوں میں کئی کئی فٹ گندا پانی کھڑا ہو گیا، متعدد علاقوں میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے اور بارش کے باعث پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے جس سے متعدد علاقوں کے مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں سیوریج لائینز متعدد مقامات سے بند پڑی ہے جس پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ملازمین کی کوئی توجہ نہیں ہے جس کی وجہ سے بارش ہوتے ہی گٹر ابل پڑتے ہیں اور صورت حال انتہائی ابتر ہو جاتی ہے جس سے چنیوٹ کے متعدد علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا شکار ہونا پڑتا ہے۔