ڈیرہ غازی خان؛ڈپٹی کمشنر  کا نگری سخی سرور کا دورہ، سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

37

ڈیرہ غازی خان،27 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان مہر شاہد زمان لک نے ڈی پی او حسن افضال کے ہمراہ حضرت احمد سلطان شہید کی نگری سخی سرور کا دورہ کیا۔

انہوں نے انتظامی افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوس مجالس روٹس اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامات بارے بریفنگ بھی لی۔

اس موقع پر انہوں نے ضلعی افسران کو سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کیلئے خصوصی ہدایات بھی دیں اور قیام امن کیلئے تمام وسائل و اقدامات کو بھرپور طریقہ سے بروئے کار لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک اور ڈی پی او حسن افضل نے بین الصوبائی چیک پوسٹ سخی سرور کا دورہ  بھی کیا اور بلوچستان سے پنجاب آنے والے مسافروں کی چیکنگ کے عمل کا مشاہدہ بھی کیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سخی سرور میں عاشورہ،شب عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے،امن و امان کے قیام کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور شہریوں کو مختلف مقامات پر چیکنگ کے بعد جلوسوں اور مجالس میں جانے کی اجازت دی جائیگی۔

انہوں نے پولیس،رینجرز بارڈر ملٹری پولیس کے مشترکہ فلیگ مارچ میں بھی شرکت کی۔