اوکاڑہ،01اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر شعبہ میں عوامی سہولت اور آسانی کے لئے مربوط نظام لا رہی ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کے موقع پر عوامی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ریونیو سے متعلقہ معاملات میرٹ پر شفاف انداز میں حل کرنے کی ہدایات کی ۔
انہوں نے کہا کہ متحرک اور فعال سرکاری دفاتر بہترین انداز میں لوگوں کی خدمت کرسکتے ہیں،ہمیں عام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہیں لوگوں کو سرکاری دفاتر سے متعلق اپنے کاموں کے سلسلہ میں کسی بھی سطح پر مشکلات کا سامنا نہیں کرنا چاہیے ۔
کھلی کچہری میں لوگوں نے ڈومیسائل کے اجراء، معائنہ ریکارڈ، انکم سرٹیفیکٹ ،رجسٹری انتقالات کا اندراج، فرد کا اجراء اور درستگی ریکارڈ سے متعلق درخواستیں پیش کیں جن کو موقع پر ہی حل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے احکامات جاری کئے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوکاڑہ کے ساتھ ساتھ تحصیل دیپالپور، تحصیل رینالہ خورد میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔











