سکھر؛ شہباز تائیکوانڈو اکیڈمی کے زیر اہتمام جشن آزادی تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد،60 کھلاڑیوں کی شرکت

98

سکھر،19اگست(اے پی پی):شہباز تائیکوانڈو اکیڈمی کے زیر اہتمام 2 روزہ اوپن جشن آزادی تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2023 کا افتتاح مہمان خصوصی اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن اور میر محمد کلہوڑو ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس نے المہران کلچر سینٹر سکھر میں کردیا ہے ،سکھر کی تاریخ میں پہلی دفعہ کراچی سے 60 سے زائد اسپیشل تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

مہمان خصوصی حاجی محمد جاوید میمن نے افتتاحی  تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو اسپتال اور برائیوں کے اڈے ویران ہوں گے،طلباءو طالبات کے لئے کھیلوں کی بہت بڑی اہمیت ہے جس سے ان کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے،مارشل ارٹ میں تائیکوانڈو کھیل نوجوانوں کی جسمانی فٹنس میں اہم کردار ادا کرتا ہے،وہ لوگ اور ادارے قابلِ تعریف جو کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے  کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان موبائل گیمز کی طرف متوجہ ہیں جو ان کی جسمانی صحت اور ذہنی صلاحیتوں کو تباہ و برباد کر دیتا،اسکولز اور کالجز سطح تائیکوانڈو اسپورٹس کی کلاسز لازمی ہونی چاہئیں۔

اس موقع پر غلام مصطفی پھلپوٹو، عبدالباری انصاری،چیمپئن شپ کے آرگنائزر کمیٹی کے سربراہ ماسٹر عبدالرزاق، میڈم عذرا جمال، ڈاکٹر سعید اعوان و دیگر موجود تھے۔مہمانوں کو سندھی کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرکیں پیش کی گئی اور طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔