عارف والا،14 اگست(اے پی پی ):جشن آزادی کے سلسلہ میں قیام اور استحکام پاکستان امن ریلی زیر قیادت جماعت اہلسنت صوبہ پنجاب کے امیر پیر سید خلیل الرحمان بخاری مدرسہ جامعہ حنفیہ غوثیہ عارفوالا سے جماعت اہلسنت اور منظور العارفین ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام نکالی گئی۔
امن ریلی میں جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر پیر اعجاز حسین شاہ ،سٹی صدر عارفوالا صوفی عبدالرشید ،منظور العارفین ویلفیئر ٹرسٹ کے رہنماء پیر محمد احمد شاہ بخاری ،بزم ذکر حبیب کے صدر شاہد لطیف ، سیکرٹری جنرل رائے خادم حسین کھرل اور خطیب سٹی پریس کلب عارفوالا حافظ مظہر علی قمر ،علماء کرام ،اساتذہ ،صحافیوں،طلبہ اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کہ کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ریلی کے شرکاء نے پینا فلیکس اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے، ریلی مختلف بازاروں سے گزر کر بلدیہ چوک پہنچی جہاں پر ملک کے نامور مقرر علامہ محمد عمر فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزاد وطن پاکستان ہمارے آباؤاجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی حقیقی جدوجہد اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر آزاد ملک پاکستان ہے ،ہمیں مل جل کر وطن عزیز میں امن کے قیام کو فروغ دینے کیلئے تعاون کو یقینی بنانا ہوگا ،وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کی عظمت، جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آخر میں خوشحالی وطن اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی، ریلی کے شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔











