ملتان،16 اگست (اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے موثر اقدامات کی بدولت ملتان ڈویژن سمیت جنوبی پنجاب میں کاٹن کی بمپر کراپ متوقع ہے اس حوالے سے کاشتکاروں سمیت سٹیک ہولڈرز کو مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کی گئی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاٹن جنرز اور سیڈ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کاٹن اور سیڈ کے حوالے سے جنرز اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں کاٹن کی پیدوار اور بیج کی سپلائی کے حوالے سے پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں موثر اقدامات کے باعث کاٹن کی پیداوار بہترین ہے کیونکہ حکومت پنجاب کا معیاری بیچ اور پیدوار کی بڑھوتری پر خاص فوکس ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں کاٹن پیدوار کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے ریسرچ کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ کاٹن جنرز کو فیکٹریاں بند ہونے پر گزشتہ سال ٹیکس میں چھوٹ دی گئی تھی تاہم اب کاٹن جنرز رواں سیزن جننگ کیلئے فوری اپنے لائسنس تجدید کرائیں۔
اس موقع پر کاٹن کی پیدوار اور سیڈ کی فراہمی کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محکمہ زراعت افسران،کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اراکین اور سیڈ ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔











