ملتان،13اگست(اے پی پی):وطن عزیز ہمارے آبائو اجداد کی لازوال قربانیوں کے باعث معرض وجود میں آیا ہے اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے اتحاد امن کمیٹی پاکستان ضلع ملتان، ایجوکیشنل اینڈ سوشل فورم و کامنٹ سٹاف کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ کونسلر اعجاز خان ، صدر اتحاد امن کمیٹی پاکستان ضلع ملتان الحاج زاہدمقصوداحمدقریشی، جنرل سیکرٹری قاری ہدایت اللہ رحمانی،سنئیرنائب صدرمیاں وقاص فرید احمد قریشی، فنانس سیکرٹری حافظ مطاہر قادری نے کہا کہ نوجوان آج جن آزاد فضائوں میں سانسیں لے رہے ہیں وہ ہمارے اکابرین کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئیے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اگر دشمن نے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس کے دانت کھٹے کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے باعث یہ ملک قائم و دائم ہے۔
اس موقع پر حاجی خلیل راں ، عرفان خان بلوچ ، ، اختر حسین نے کہاکہ 14اگست کا دن ہمارے لئے اہمیت کا حامل ہے، یہ دن مسلمانوں کےلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، قومیں اپنا قومی دن ملی و جوش جذبے سے مناتی ہیں اور یہ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ ہمیں ایک قوم ہو کر ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔
اس موقع پر خالد پرویز ، میاں اویس فرید قریشی ،میڈیم شبانہ ، بلال وینس ، ربنواز وینس ودیگر شریک تھے ۔











